قومی سلامتی کے حوالے سے شریف برادران کا کردار مشکوک ہے: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان کے دشمن اور وزیر اعظم کے اتحادی ایک جیسی بولی بول رہے ہیں، دہشتگردی ہو یا پاکستان پر الزام تراشی بیرونی قوتوں کے نمک خوار ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیتے ہیں۔ پھر کہتا ہوں قومی سلامتی کے تحفظ کے حوالے سے شریف برادران کا کردار مشکوک ہے، معاشی جرائم کی پردہ پوشی اور اقتدار کو تحفظ دینے کیلئے ایک تیر سے کئی شکار کر رہے ہیں۔ وہ گذشتہ روز لندن میں مختلف وفود، پارٹی رہنمائوں اور وکلاء سے گفتگو کر رہے تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ نواز شریف نے ابھی تک کلبھوشن نیٹ ورک کے خلاف زبان نہیں کھولی۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بے ضرر بیان بازی کے ذریعے قوم کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم کلبھوشن کی گرفتاری، بلوچستان میں ہمسایوں کی مداخلت اور کھلی دہشتگردی کے ثبوت پوری دنیا کو دیں اور دہشتگردی کے حوالے سے اپنے ہی ملک کی ایجنسیوں پر انگلی اٹھانے والے اتحادیوں کی ہرزہ سرائی بند کرائیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف کو بتانا ہو گا کہ بھارت کے لوگ رمضان شوگر مل میں کیا لینے آتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز خرم نواز گنڈا پور نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹائون کے تمام کرداروں کے چہروں سے نقاب الٹ دیا ہے ہم انصاف کے حصول کیلئے جو کر سکتے تھے کر دیا، تمام ثبوت عدالت کے سامنے رکھ دئیے اب انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قصاص و سالمیت پاکستان تحریک کے دوسرے رائونڈ کا اعلان وطن واپسی پر کرونگا۔