فاسٹ بائولر محمد عامر بنگلہ دیشی نژاد برطانوی دلہن کو بیاہ کر گھر لے آئے
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قومی فاسٹ بائولر محمد عامر بنگلہ دیشی نژادبرطانوی دوشیزہ نرجس ملک کو بینڈ باجے کے ساتھ بیاہ کر گھر لے آئے۔ محمد عامر نے بارات پر گولڈن شیروانی، سفید پاجامہ کے ساتھ سر پر سرخ اور گولڈن کلہ جبکہ پائوں میں گولڈن کھسہ پہن رکھا تھا جبکہ عامر کی دلہن نرجس ملک نے سلور کام والا سرخ رنگ کا لہنگا پہن رکھا تھا۔ عامر کا نرجس ملک کے ساتھ دو سال پہلے 2014ء میں نکاح ہوا تھا جبکہ پورے 2 سال بعد ستمبر 2016ء میں دلہن کو بیاہ کر اپنے گھر لے آئے۔ شادی میں پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی کے علاوہ کرکٹ کا کوئی بڑا نام شریک نہیں ہوا جبکہ شادی کی تقریب میں دولہا اور دلہن کے رشتہ داروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ دلہن والوں کی جانب سے بارات اور مہمانوں کی مٹن کنہ، مٹن پلائو، نان، سلاد کے ساتھ تواضع کی گئی۔ محمد عامر کے ولیمہ کی تقریب لاہور کے مقامی فارم ہائوس میں ہوگی جس میں بڑی تعداد میں مہمانوں کو بلایا گیا ہے۔