قائمہ کمیٹی مواصلات کا اجلاس، ارکان حیدر آباد موٹروے منصوبے پر برس پڑے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی مواصلات کا اجلاس ہوا۔ ارکان اسمبلی حیدرآباد موٹروے منصوبے پر برس پڑے۔ اعجازجاکھرانی نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کو مرنے کیلئے چھوڑ دیا گیا۔ حکومت کو صرف پنجاب کی فکر ہے۔ عمران ظفر لغاری نے کہا کہ پنجاب میں منصوبوں کیلئے سب سہولیات ہیں، سندھ کی کوئی فکر نہیں۔ سپر ہائی وے پر سفر کرنے والے مہروں کی تکلیف کا شکار ہیں۔ اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ سندھ کے منصوبے سے مذاق ہورہاہے۔ حیدرآباد موٹر وے کی سڑک استعمال سے پہلے ہی ٹوٹ گئی۔ ایم نائن موٹروے پر چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دی اور کہا کہ کراچی حیدرآباد موٹروے پر 11 ماہ میں 125 حادثات ہوئے۔ سپرہائی وے پر 31 خطرناک اور 94 معمولی حادثات ہوئے۔ سپر ہائی وے پر حالات اتنے خراب نہیں جتنے بتائے جارہے ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر شیخ آفتاب نے بھی اپوزیشن جماعتوں کی حمایت کی۔ شیخ آفتاب نے کہا کہ حادثات کی وجہ سے موت ایک بھی ہو ذمہ دار ہم ہیں۔