خطاب متوازن تھا: : شاہ محمود، مسئلہ کشمیر اجاگر کیا: حنا ربانی ، کشمیرکی ترجمانی کا حق ادا کیا: مشعل ملک
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) سابق وزراء خارجہ نے وزیراعظم کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کو متوازن قرار دیا۔ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی تقریر میں پاکستان میں ’’را‘‘ کی مداخلت کا ذکر بھی ہونا چاہئے تھا۔ تقریر میں مسئلہ کشمیر کو مناسب طریقے سے اٹھایا گیا۔ کافی عرصے بعد کشمیر پر مفصل اور ٹھوس بیان آیا۔ ویراعظم نواز شریف کا خطاب متوازن تھا۔ پاکستان میں دہشت گردی بہت بڑا مسئلہ ہے۔ پاکستان چاہتا ہے افغانستان میں امن قائم ہو۔ سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کا مؤقف واضح اور ٹھوس انداز میں پیش کیا۔ مسئلہ کشمیر بہتر طریقے سے عالمی برادری کے سامنے اجاگر کیا۔ ملک کے وزیراعظم کو جیسی تقریر کرنی چاہئے تھی ویسے ہی کی گئی۔کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے وزیراعظم کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی تقریر کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کشمیر کی ترجمانی کا حق ادا کیا ۔ بدھ کو مشعال ملک نے وزیراعظم محمد نوازشریف جنرل اسمبلی تقریر کو سراہا اور کہا کہ وزیراعظم نے بھرپور طریقے سے کشمیر کا موقف اجاگر کیا اور کشمیری عوام کی ترجمانی کا حق ادا کیا۔