کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کا ذکر کرتے ہوئے ہالی وڈ اداکارہ ایریکا ڈیرکسن آبدیدہ ہو گئی
سرینگر (صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر ہالی وڈ فنکار بھی چلا اٹھے۔ جنت نظیر وادی میں سیر کے لیے آنے والی اداکارہ ایریکا ڈیرکسن کشمیر پر بھارتی ظلم وستم بیان کرتی آبدیدہ ہو گئیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شیئر کی گئی اپنی ویڈیو میں ایریکا ڈیرکسن کا کہنا تھا کہ آپ کیسا محسوس کریں گے کہ اگر آپ کا شوہر گھر سے دودھ یا ڈبل روٹی لینے جائے اور پھر کبھی واپس نہ آئے۔ آپ کیسا محسوس کریں گے، اگر آپ کی بیٹی کو پیلٹ گن سے نشانہ بنایا جائے اور وہ پھر وہ ہمیشہ کے لئے اپنی آنکھیں کھو دے۔ آپ کو کیسا محسوس ہوگا جب فورسز جو آپ کے علاقے اور شہر پر قابض ہوں، آپ کی بہن کو درندگی کا نشانہ بنا دیں۔ اگر آپ باہر جائیں اور آپ کا قتل کر دیا جائے۔ ایریکا ڈیرکسن کا کہنا تھا کہ یہ سب ان دنوں کشمیر میں ہو رہا ہے۔ یہ انسانیت کے خلاف ایک جرم ہے۔ بھارتی فوج، کشمیریوں کو قتل، تشدد اور زیادتی کا نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے کشمیر کے دورے کے دوران ایک خاندان سے ملاقات کی۔ ان سے کشمیرکی خوبصورتی کے بارے میں بات ہوئی‘ اب وہ پوری فیملی مر چکی ہے۔ تمام 13 افراد کو بھارتی فورسز نے مار ڈالا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں خدا سے کشمیر میں امن کے لئے دعا کرتی ہوں۔