بلاول کی 28 ویں سالگرہ سادگی سے منائی گئی پی پی کی تقریبات، مریم نواز کی ٹوئٹر پر مبارکباد
لاہور (خبرنگار) پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی 28 ویں سالگرہ ملک بھر میں سادگی سے منائی گئی۔ پیپلز پارٹی سینئیر رہنما اور لاہور پیپلز پارٹی کے سابق صدر عزیز الرحمن چن کے گھر ختم قرآن پاک اور محفل میلاد بلاول بھٹو زرداری کی لمبی عمر، پاکستان اور پیپلز پارٹی کی مضبوطی سلامتی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ بعدازاں بلاول بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹاگیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی لاہور کے راہنما اشرف بھٹی، زاہد ذوالفقار، رانا اشعر، واجد علی شاہ، بشارت صدیقی اور دیگر نے شرکت کی۔ پیپلز پارٹی لاہور کی سابق صدر ثمینہ خالد گھرکی اور بیرسٹر عامر حسن نے بلاول بھٹو کی سالگرہ دارالشفقت (یتیم خانہ) میں بچوں کے ساتھ منائی، کیک کاٹا اور بچوں کے ساتھ کھانا کھایا۔ پیپلز پارٹی لاہور کے سابق سیکرٹری اطلاعات فیصل میر نے بلاول بھٹو کی سالگرہ ایس او ایس ویلیج کے بچوں کے ساتھ منائی۔ بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے بچوں کو تحائف دیئے گئے اور ایس او ایس ویلیج کے بچوں میںسالگرہ کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی۔ اس موقع پرعاقب سرور‘ عرفان جٹ‘ شہزاد شفیع اور علی اعوان بھی موجود تھے۔ پیپلز پارٹی انسانی حقوق ونگ لاہور کے زیراہتمام رائیونڈ میں بلاول کی درازی عمر کے لیے دعائیہ تقریب ہوئی۔ وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو ان کی سالگرہ پر بہت مبارکباد دیتے ہیں۔ مریم نواز نے بلاول کیلئے دعائیں اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔