مرادشاہ مقررہ وقت سے پہلے اسمبلی پہنچنے والے سندھ کے پہلے وزیراعلیٰ بن گئے قائم علی شاہ پھر نشست بھول گئے
کراچی (صباح نیوز+آئی این پی) وزیراعلیٰ سندھ مراد شاہ مقررہ وقت سے 40 منٹ پہلے اسمبلی پہنچنے والے سندھ کے پہلے وزیراعلیٰ بن گئے، نئے شاہ نے صوبہ سندھ کے 8 سالہ پارلیمانی ریکارڈ میں نئی تاریخ رقم کردی۔ مراد علی شاہ نے وائٹ شرٹ پرپل ٹائی اور بلیوسوٹ زیب تن کئے وہ کر دکھایا جو 8 سال میں نہ ہوا، ابھی گھڑی میں 10 بجنے میں 40 منٹ باقی تھے کہ وزیراعلیٰ اسمبلی بلڈنگ پہنچ گئے۔ 9 بجکر 40 منٹ میں مراد علی شاہ ایوان کے اندر داخل ہوئے تو 8 سالہ تاریخ کا نیاریکارڈ قائم کردیا۔ وزیراعلیٰ کی آمد کے ساتھ ہی 55 اراکین بھی اسمبلی پہنچ گئے، سندھ کی 8 سالہ پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار کورم وقت سے پہلے مکمل ہوا۔ علاوہ ازیں سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے سابق وزیراعلیٰ قائم شاہ ایوان میں پہنچے تو پیپلز پارٹی کی جانب سے انکا والہانہ استقبال کیا گیا۔ وزیراعلی مراد شاہ نے کھڑے ہوکر اپنے پیشرو کا استقبال کیا۔ ایوان میں نشست تبدیل ہونے کی وجہ سے قائم علی شاہ ایک بار پھر اپنی نشست بھول گئے۔ اس موقع پر اسمبلی کا عملہ انہیں ان کی نشست کی جانب لے گیا۔