قوم کی حمایت سے مادر وطن کے چپے چپے کا دفاع کرینگے: آرمی چیف
راولپنڈی ( وقائع نگار خصوصی +این این آئی ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ ہماری بہادر مسلح افواج کسی بھی طرح کے خطرے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، پوری قوم کی حمایت سے ملک کے چپے چپے کا دفاع کرینگے خواہ اس کی کوئی بھی قیمت ادا کرنا پڑے، پاکستان ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے دہشت گردی کا شکار ہے لیکن پوری قوم کے حوصلے اور سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیت کی بدولت ہم نے صورتحال تبدیل کر دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل نے کھاریاں کے قریب واقع قومی انسداد دہشت گردی مرکز کادورہ کیا اور اس کے انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے اورجدید ترین سہولیات کی فراہمی کا افتتاح کیا، نئی سہولیات کا مقصدغیرملکی اور پاکستانی سکیورٹی ایجنسیز کی بڑھتی ہوئی تربیتی ضروریات کو پوراکرنا ہے، نئی سہولیات کی فراہمی سے این سی ٹی سی دہشتگردی کیخلاف بہترین تربیتی مرکز بن گیا ہے، آرمی چیف کوکمانڈرسٹرائیک کور لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی کی جانب سے قومی انسداد دہشتگردی مرکز کے مختلف پہلوئوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے آرمی چیف کو بتایا کہ اب تک مسلح افوا ج کے دو لاکھ اکتیس ہزار فوجی جبکہ پولیس اور سول آرمڈفورسز کے تین ہزار چار سو تراسی افسر اور جوان این سی ٹی سی میں تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انسداد دہشتگردی کی تربیت کے علاوہ اس مرکز پر دوست ممالک کے ساتھ پانچ مشترکہ مشقیں بھی ہو چکی ہیں جن میں چین ،سعودی عرب، بحرین، سری لنکا، مالدیپ اور ترکی شامل ہیں۔ اس موقع پر مختلف ممالک کے دفاعی اتاشی بھی موجود تھے۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے قومی انسداد دہشت گردی مرکز پر تربیت فراہم کرنیوالے تمام افسران کی کارکردگی کو سراہا جو قانون نافذکرنیوالے اداروں کی استعداد کارکے فروغ پرتوجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔