بجلی منصوبوں کے سکیورٹی اخراجات صارفین سے وصول کرنے کی منظوری: سکوک بانڈز جاری کرنے‘ ایران سے 74 میگاواٹ بجلی خریدنے کی اجازت
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سی پیک سمیت بجلی پیدا کرنے کے تمام منصوبوں کی سکیورٹی پر اٹھنے والے اخراجات بجلی کے صارفین سے وصول کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ سکیورٹی کی لاگت کو بجلی کیبل میں شامل کرنے کے لئے نیپرا کو ڈائریکٹو جاری کیا جائے گا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمیٹینے چین کے شہر ارمچی میں حبیب بنک لمیٹڈ کی شاخ کھولنے کی منظوری دیدی‘ ایران سے74میگاواٹ بجلی کی خریداری کے حوالے سے وزرات پانی و بجلی کو نیپرا سے جنوری2016ء سے 31دسمبر تک ٹیرف میں توسیع لینے کی سمری کی بھی منظوری دی گئی، ای سی سی نے وزارت خزانہ کو انٹرنیشل کیپیٹل مارکیٹ میں سکوک جاری کرنے کی بھی منظوری دیدی‘ ای سی سی نے وزرات پانی و بجلی کی سمری کی منظوری دی جس کے تحت بجلی کے منصوبوں کیلئے 150,000ڈالر پر ایک فیصد سکیورٹی کی رقم رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جو منصوبے کی تعمیر سے بجلی خریداری کے معاہدے کی مدت تک لاگو ہوگا۔ کمیٹی نے وزرات پانی و بجلی کی نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی)کے حوالے سے سمری کی منظوری دی جس کے تحت این ٹی ڈی سی کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ نیپرا سے ایران سے 74میگاواٹ بجلی کی خریداری کیلئے کنٹریکٹ کیلئے ٹیرف میں 1جنوری2016ء سے 31دسمبر2016ء تک توسیع کی منظوری لے۔ وزرات خزانہ کی تجویز پر ای سی سی نے حبیب بنک لمیٹڈ (ایچ بی ایل)کی چین کے شہر ارمچی شاخ کھولنے کی منظوری دی۔ای سی سی نے معاشی اظہاریوں کا بھی جائزہ لیا،اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اگست2016ء کیلئے مہنگائی کی شرح کا تخمینہ 3.56فیصد لگایا گیا ہے جبکہ اگست2013ء میں 8.55فیصد تھی جبکہ اگست 2011ء میں یہ 11.56فیصد تھی۔ای سی سی کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں گندم کو وافر سٹاک موجودہے جو 20ستمبر9.49 ملین ٹن ہے جبکہ گذشتہ سال ستمبر میں 8.75ملین ٹن تھا،بڑے پیمانے پر اشیاء سازی میں مالی سال 2015-16ء میں 302فیصد اضافہ ہوا ہے۔