مودی کے سر کی قیمت‘ گوجرانوالہ 10 کراچی ساڑھے 10‘ سانگلہ میں 2 کروڑ مقرر
گوجرانوالہ‘ سانگلہ‘ کراچی (نمائندہ خصوصی + نمائندہ نوائے وقت + این این آئی) گوجرانوالہ‘ سانگلہ ہل اور کراچی میں مودی کے سر کی قیمت کروڑوں روپے مقرر کر دی گئی۔ گوجرانوالہ میں گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے سر کی قیمت10کروڑ مقرر کر دی، جنگ کی صورت میں اپنی تمام تر افرادی قوت، مشینری، جان ومال رضا کارانہ طور پر پاک فوج کے حوالے کرنے کا اعلان کر دیا۔ بلڈنگ دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدر سیف اللہ گھمن نے کہا کہ بھارت سے جنگ کی صورت میں وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے اور دشمن کو ایسی شکست دیں گے کہ اس کی کئی نسلیں یاد رکھیں گی۔ جنرل سیکرٹری شاہد منصور ‘ سرپرست سیف اللہ مانگٹ، نائب صدور عاطف منیر دوگل، چودھری طارق گورائیہ‘ سینئر نائب صدر یاسر گورائیہ، حاجی محمد فرقان، سجاد محمود ساہی، سلطان محمود، شاہ جہاں، محمد اعظم ملہی نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف اور پاک فوج کے حق میں بعد دوپہر آج ایک لوکل گورنمنٹ دفاتر سے ریلی نکالی جائیگی جو کہ ڈی سی او آفس کے باہر ختم ہو گی۔ دریں اثناء کراچی سے آئی این پی کے مطابق پاکستانی تاجر حاجی الیاس پٹیل نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پکڑ کر لانے والے شخص کو ساڑھے 10 کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کردیا۔ سانگلہ ہل میں عوامی ویلفیئر سوسائٹی کے صدر میں طارق جمیل نے کہا کہ چائے فروخت کرنے والے بھارتی وزیراعظم مودی کی چائے کی پیالی سے زیادہ کوئی حیثیت نہیں۔ پھر بھی ہم اس کے سر کی قیمت 2 کروڑ روپے مقرر کر رہے ہیں۔