• news

بھارت فرانس سے 36 را فیل طیارے خریدے گا‘ معاہدے پر دستخط

نئی دہلی (آن لائن + اے ایف پی) چین کے مقابلے کیلئے بھارت اور فرانس کے درمیان رافیل لڑاکا طیاروں کی خریداری کا معاہدہ طے پا گیا۔ بھارت فرانس سے 36 رافیل طیارے خریدے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 8.8 ارب ڈالر مالیت کے معاہدے پر دستخط فرانس کے وزیر دفاع یوکیس لی درائن اور انکے بھارتی ہم منصب منوہر پاریکر نے کئے ہیں۔ جون میں پاریکر نے کہا تھا طیاروں کی تعداد اور قیمتوں کے تعین میں ابھی وقت لگے گا۔ یہ بھارت کی کئی عشروں کے بعد سب سے بڑی دفاعی ڈیل ہے۔ بھارت فرانس سے یہ جنگی طیارے خریدنے کے لئے آٹھ ارب اسی کروڑ ڈالر خرچ کرے گا، یہ طیارے تین ہزار آٹھ سو کلو میٹر تک مار کر سکتے ہیں۔ یہ طیارے اس وقت عراق اور شام میں بمباری کے لئے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ بھارت کے دفاعی تجزیہ کار راہول بیدی نے اس معاہدے سے متعلق کہا کہ اس سے جنوبی ایشیا میں ہتھیاروں کی دوڑ بڑھ جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن