• news

متحدہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس‘ ارکان اسمبلی کا مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ‘ فاروق ستار پر اظہار اعتماد

کراچی (وقائع نگار+ ایجنسیاں) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ارکان سندھ اسمبلی نے فاروق ستار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سندھ اسمبلی سے استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی سندھ اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کا ہنگامی اجلاس سید سردار احمد کی سربراہی میں ہوا جس میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر تمام ارکان نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ایم کیو ایم لندن کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے اسمبلی رکنیت سے استعفے نہ دینے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ ہمارا لندن سے کوئی رابطہ نہیں، ہم نے ریاست پاکستان کا حلف اٹھایا ہے، کسی کی تسلی یا تشفی کے لئے استعفیٰ نہیں دیا جاسکتا، عوام نے اعتبار نہ کیا تو استعفیٰ دیا جاسکتا ہے، استعفوں کا مطالبہ آئین کے مطابق غیرآئینی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے کسی رکن سندھ اسمبلی نے استعفیٰ نہیں دیا، ارم فاروقی کا استعفیٰ ابھی تک موصول نہیں ہوا اس لئے وہ ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی تصور کی جائیں گی۔ استعفیٰ عوام کی خواہشات پر دیں گے۔ کسی کے سیاسی مطالبے پر استعفیٰ نہیں دیں گے۔ جب عوام کا اعتماد نہیں ہو گا، تب ہم استعفیٰ دیں گے۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے سندھ اسمبلی میں حکومت سندھ سے اپیل کی کہ وہ میئر کراچی وسیم اختر سمیت تمام بے گناہ سیاسی اسیروں کو رہا کر دے افہام و تفہیم کی فضا پیدا کرے۔ ایم کیو ایم کے رکن رؤف صدیقی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ سینٹرل جیل میں قیدیوں سے روزانہ معلومات ملتی ہیں اور ملاقاتیں ہوتی ہیں۔ جیل میں قیدیوں کی مشکلات کو سن کر ہم اپنا غم بھول گئے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن