• news

چیئرمین واپڈا کا نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ‘ تعمیراتی کاموں کا جائزہ

لاہور (این این آئی) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے کہا ہے کہ ملک سے بجلی کی قلت دور کرنے اور قومی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے بجلی کے زیرتعمیر منصوبوں کی ممکنہ حد تک کم از کم مدت میں تکمیل اشد ضروری ہے۔ اس لئے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سمیت پن بجلی کے تمام منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ چیئرمین واپڈا نے ان خیالات کا اظہار نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے ڈیم کے مختلف جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے منصوبے کے سوئچ یارڈ پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے منصوبے پر کام کی رفتار اور تعمیراتی معیار کی تعریف کی۔ واضح رہے نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ کے چار پیداواری یونٹس ہیں‘ جن میں سے ہر ایک کی پیداواری صلاحیت 242.25میگاواٹ ہے جبکہ منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت 969 میگاواٹ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن