• news

حربیار، براہمداغ کی سوچ ایک، دہشت گردی کے پیچھے بھارت ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ صباح نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے کہا ہے حربیار مری اور براہمداغ بگٹی کے عزائم اور سوچ ایک ہے، حربیار مری بیرون ملک بیٹھا براہمداغ بگٹی کی بی ایل اے تنظیم چلاتا ہے جو بلوچستان میں ہونیو الی دہشتگردی کو قبول کرتی ہے۔ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مسئلہ بھرپور طریقے سے اٹھا کر پاکستان اور کشمیری قوم کی ترجمانی کی جس کے لیے انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔ سرکاری ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم بارہا کہہ چکے ہیں دہشتگردوں کے پیچھے ہمارا پڑوسی ملک بھارت ہے، دہشتگردوں کو بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ فنڈنگ کر رہی ہے، بلوچستان اور خیبر پی کے میں ہونیوالی دہشتگردی اسی کے ذریعے ہو رہی ہے اب ہمارا کہنا بالکل سچ ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے۔ بلوچستان کے لوگوں کے دلوں میں براہمداغ بگٹی کے خلاف نفرت پھیل گئی ہے۔ براہمداغ کو بلوچستان کے لوگوں کی حمایت ہوتی تو آج ڈیرہ بگٹی میں لوگ اس کے خلاف احتجاج نہ کر رہے ہوتے۔ بی آر اے براہمداغ کی ہی تنظیم ہے۔ بیورو رپورٹ کے مطابق آل پاکستان ٹی 20 کرکٹ کپ 2016 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثناء اللہ خان زہری نے کہا وطن سے غداری کرنے والے ہم میں سے نہیں، چند ٹکوں کی خاطر بھارت کی غلامی کرنے والوں کو بلوچستان کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل نہیں، اس دھرتی کے وارث سانحہ 8اگست اور دہشت گردی کے دیگر واقعات کے شہداء کے لواحقین، صوبے کے عوام اور ہم ہیں، آج مودی اور بھارت کے خلاف صوبہ بھر میں لوگ باہر نکلے ہیں، سوئی اور ڈیرہ بگٹی میں بھی لوگوں نے مودی کے پتلے جلائے اور بھارت کے جھنڈے نذر آتش کئے جو براہمداغ بگٹی کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ مودی کو بتا دینا چاہتے ہیں تم نے جارحیت کی کوشش کی تو دندان شکن جواب دیں گے، جس طرح 1965ء میں تمہیں شکست دی۔ ہم اپنی فوج کے ساتھ ہیں کوئی یہ نہ سمجھے جارحیت کر کے بچ جائے گا۔ پاک فوج 1965 ء کے مقابلے میں آج کہیں زیادہ مضبوط ہے، اس لیے تم یہ بھول نہ کرنا۔ مودی نے روایتی جنگ کا سوچا بھی تو پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ لڑے گی۔

ای پیپر-دی نیشن