• news

.جاپان پاکستان کیلئے جاری سفری انتباہ ختم کرے: اسحاق ڈار

اسلا م آباد ( آئی این پی ) وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، پاکستان نے اقتصادی شعبے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں،ملک میں سرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول قائم کیا ہے،اسحاق ڈار نے کاروں کی صنعت میں جاپان کی سرمایہ کاری کو سراہا اور جاپانی تاجروں کو دوسرے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی،جیٹرو کے صدر نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جیٹرو جاپان کے تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے، اس حوالے سے جیٹرو رواں سال کراچی میں جاپان ٹریڈفئیر کا انعقاد کرے گا،جاپان کی کمپنیاں اپنی توسیع کے لئے پاکستان کو سرمایہ کا ری کے لئے 20ممالک میں سے سب سے بہتر سمجھتی ہیں۔ جاپان کے بیرونی تجارت کے ادارے جیٹرو کے صدر کی سربراہی میں وفد نے اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے ملک میں سرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول قائم کیا ہے۔ پاکستان نے جاپان کے تاجروں کے لئے ویزا فیس ختم کر دی ہے۔ انہوں نے جاپان کی حکومت کو درخواست کی کہ وہ پاکستان کے لئے جاری کیا گیا سفری انتباہ ختم کرے تاکہ پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری لائی جاسکے۔وزیر خزانہ نے وفد کو آگا ہ کیا کہ پاکستان جاپان کے تجاروں کے لئے خصوصی اکنامک زون کے قیام میں تعاون کیلئے تیار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن