• news

رائیونڈ احتساب ریلی گیم چینجر ثابت ہوگی: پرویز خٹک

نوشہرہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویزخٹک نے نوشہرہ میںجلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیر حیدر ہوتی کے مناظرے کا چیلنج قبول کرتا ہوں۔ رائے ونڈ احتساب ریلی ملکی سیاست میں گیم چینجر ثابت ہوگی۔ عمران خان قوم کو کرپٹ حکمرانوں سے آزاد کرانے کیلئے اہم اعلان کریں گے۔ دریں اثناء خیبر پی کے اور فاٹا میں امن و ترقی کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری پر کل جماعتی کانفرنس میں مشترکہ فیصلہ کیا گیا تھا اس وقت کسی نے اعتراض نہیں کیا اب جو لوگ اعتراضات اُٹھاتے ہیں کیا انہیں اپنے قائدین پر اعتماد نہیں یا پھرکچھ اور ارادہ رکھتے ہیں، صوبائی حکومت نے دیگر سیاسی پارٹیوں کو بھی اعتماد میں لیا اور سی پیک کیلئے مضبوط آواز اُٹھائی جو منصوبے دیگر صوبوں کو دیئے جائیں گے وہی منصوبے صوبے کیلئے بھی منظور کرائے۔ صنعتی پارکس، پشاور سے ڈی آئی خان روڈ اور ریلوے ٹریک اور جھنڈ سے کوہاٹ روڈ کو منظور کرایا۔ کئی دہائیوں سے زیر التواچشمہ لفٹ منصوبہ مشترکہ مفادات کونسل سے منظور کرایا جس کی لاگت کا 35 فیصد صوبہ جبکہ 65 فیصد وفاق اُٹھائے گا۔ ہم صوبے کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور حقوق کے حصول کیلئے ہر حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔ ہم اجتماعی فیصلہ سازی کو فوقیت دیتے ہیں اور کسی کی رائے کو بلڈوز نہیں کرتے۔ خیبر پختونخواور فاٹا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر کردار ادا کیا جس نے یہاں کے اداروںکو بری طرح متاثر کیا اس پس منظر سے ہر کوئی واقف ہے اور جانتا ہے کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو صوبے کا کیا حال تھا ہر طرف دہشت کا سماں طاری تھا، ادارے تباہ حال تھے ، حکومت نے عوام کو اس خوفناک پس منظر سے نکالنے، امن کے قیام اور ترقی ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا حکومت سماجی اور معاشی ترقی کیلئے سٹیزن سنٹرک ماڈل کے تحت ایک مربوط لائحہ عمل پر کاربند ہے۔

ای پیپر-دی نیشن