• news

کراچی : فائرنگ سے ٹریفک پولیس کا سب انسپکٹر جاں بحق‘ چیئرمین پیپلز پارٹی کا وزیراعلی کو فون

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کا فائیو سٹار چورنگی پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کا سب انسپکٹر جاں بحق ہو گیا۔ ایس ایس پی سنٹرل مقدس حیدر کے مطابق سب انسپکٹر ارشد نے بلٹ پروف جیکٹ نہیں پہنی تھی۔ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے خول ملے ہیں۔ محمد ارشد نارتھ ناظم آباد ٹریفک سیکشن میں تعینات تھا۔ موٹرسائیکل پر سوار دو افراد نے سب انسپکٹر محمد ارشد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔ علاوہ ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ٹیلی فون کیا اور ٹریفک پولیس اہلکار کے قتل پر گفتگو کی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ٹریفک پولیس افسر کا قتل افسوسناک ہے۔ پولیس افسر کے قتل پر تمام پہلوﺅں کا جائزہ لیا جائے، امن و امان خراب کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شرپسند عناصر امن کے دشمن ہیں، پولیس افسر کے قاتلوں کو ہر حال میں گرفتار کیا جائے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ واقعہ پر آئی جی سندھ سے رپورٹ مانگی ہے۔ آئی جی سندھ کو پولیس افسر کے کے قاتل کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیدیا۔ علاوہ ازیں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے اورنگی ٹاﺅن میں کارروائی میں بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنادی۔ انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق اسلحہ سیاسی جماعت کے دہشت گرد منتقل کررہے تھے۔ اسلحے میں 7 ایس ایم جیز، ایک ایم پی فائیو، ایل ایم جی، آٹھ سیون ایم ایم رائفلز، تین سیمی آٹومیٹک رائفل، دو رائفلز، سات میگزین، دو ہزار گولیاں برآمد شامل ہیں۔ اسلحہ دہشت گردی کی وارداتوں میں استعمال ہونا تھا۔ دہشت گرد اسلحہ گاڑی میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ علاوہ ازیں آئی جی سندھ نے نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے جاںبحق ٹریفک کے سب انسپکٹر قاتلوں کی گرفتاری پر 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان یا ہے۔ آئی جی سندھ اے ڈی جی خواجہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قاتلوں کی گرفتاری میں مدد کریں امن کیلئے ہمیں دہشت گردوں کیخلاف متحد ہونا ہوگا۔
سب انسپکٹر جاں بحق

ای پیپر-دی نیشن