ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز‘ قومی سکواڈ کا اعلان‘ عمر اکمل اسد شفیق کی واپسی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیزکے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے 16 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔ اظہر علی ٹیم کے کپتان برقرار، انہیں قومی ٹیم کی رینکنگ بہتر کرنے کیلئے آخری موقع دیا گیا ہے۔ عمر اکمل اور اسد شفیق کے علاوہ سہیل خان اور راحت علی بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب جبکہ عمر گل اور محمد حفیظ کوفٹنس مسائل کے باعث ون ڈے سکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد ٹیم کا اعلان کیا جس میں اظہر علی (کپتان )، شرجیل خان، بابر اعظم، اسد شفیق، شعیب ملک، سرفراز احمد (نائب کپتان )، عمر اکمل، محمد رضوان، محمد نواز، عماد وسیم، یاسر شاہ، راحت علی، محمد عامر، وہاب ریاض، حسن علی، سہیل خان شامل ہیں۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین تین ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز شارجہ میں 30 ستمبر کو ہونے والے ون ڈے میچ سے ہوگا۔ سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ دو اکتوبر کو شارجہ میں اور تیسرا ون ڈے پانچ اکتوبر کو ابو ظہبی میں کھیلا جائیگا۔ اظہر علی کی بطور کپتان ناقص پرفارمنس کے باجود انہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف کپتانی کا موقع دیا گیا ہے جبکہ عمر اکمل اور اسد شفیق پاکستان کی طرف سے ون ڈے میں آخری دفعہ 2015ءمیں کھیلے تھے۔ اسد شفیق کو قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے میچز میں اچھی پرفارمنس کی وجہ سے ٹیم میں دوبارہ موقع دیا گیا ہے۔ عمر اکمل کو مستقبل میں ڈسپلن کی خلاف ورزی نہ کرنے کی یقین دہانی پر ٹی ٹونٹی کے بعد ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔