کھیلوں کے فروغ کیلئے سرپرستی لازمی ہے: مجاہد کامران
لاہور (سپورٹس رپورٹر) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کو فروغ دینے اور بین الاقوامی سطح پر کھیل کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے لئے کھیلوں اور کھلاڑیوں کی سرپرستی لازمی ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس گراو¾نڈ میں کرکٹ کی بنیاد پر پنجاب یونیورسٹی میں داخلوں کے خواہشمند امیدواروں کے حتمی ٹرائلز کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق، کرکٹر کامران اکمل، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال، ڈائریکٹر سپورٹس شمسہ ہاشمی، ایڈیشنل ڈائریکٹر سپورٹس خالد محمود، اقامتی آفیسر اول پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید، اقامتی آفیسر دوئم ملک محمد ظہیر، معروف سماجی رہنما چوہدری اکرم و کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ سکولوں، کالجوں اور علاقائی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ہونا چاہئے اور اس سلسلے میں تمام وسائل مہیا کئے جانے چاہئیں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور مالی معاونت ہونی چاہئے۔
بعد ازاں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے مصباح الحق کو شیلڈ پیش کی۔ پنجاب یونیورسٹی میں دو روز جاری رہنے والے ٹرائلز میں تقریباََ 650 امیدواروں نے حصہ لیا۔