لاہور چیمبر الیکشن کیلئے ضابطہ اخلاق جاری :خلاف ورزی پر امید وارناہل ہوجائیگا
لاہور (نیوز رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات برائے سال 2016-17ء کے لیے ضابطہ اخلاق / گائیڈ لائنز جاری کردی گئی ۔ پولنگ آفیسر کی یہ ذمہ داری ہوگی کہ وہ چیمبر کا اصل کارڈ، قومی شناختی کارڈ ، پاسپورٹ یا پھر ووٹر کی شناخت کا کوئی اور طریقہ دیکھ کر اس پر دستاویز کا نمبر لکھے۔ ووٹر کے دستخط اور تصاویر کی جانچ پڑتال اور موازنہ کرنے کے بعد پولنگ آفیسر بیلٹ پیپر ووٹر کے حوالے کرے گا۔ انتخابی کاروائی کے دوران کوئی رکن مسئلہ پیدا کرنے کا سبب بنا تو کمیشن کی طرف سے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار پا ئے گا۔ سیکرٹری جنرل بیلٹ پیپر پر دستخط کریں گے یا اس سلسلے میں چیمبر کا آفیسر جسے الیکشن کمیشن اجازت دے دستخط کرے گا اور پولنگ آفیسر بھی اس پر دستخط کرے گا۔ ووٹر کو ایک سے زائد بیلٹ پیپرز نہیں دئیے جائیں گے۔خالی بیلٹ بکس سیل کرنے سے پہلے امیداروں یا انکے ایجنٹس کو دکھائے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کیجانب سے دستخط کردہ انتخابی نتائج نئی ایگزیکٹو کمیٹی اور سیکرٹری جنرل کے حوالے کیے جائیں گے۔