• news

دھرنے والوںکو غریبوں کے فلاحی منصوبے کھٹکتے ہیں منفی سیاست عوام دشمنی ہے:شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ دھرنے والوں کوغریب عوام کی فلاح کے منصوبے کھٹکتے ہیں۔عوام کے مسترد شدہ عناصرمنفی اوراحتجاج کی سیاست کے ذریعے عوام سے دشمنی کررہے ہیں ۔شکست خوردہ عناصر ترقی کے انقلاب میں رخنہ ڈالنے کی کوشش نہ کریں ۔سی پیک خطے سے غربت ،بے روزگاری اورانتہاء پسندی کے خاتمے کاعظیم منصوبہ ہے ۔پاکستان کی خوشحالی کے شاندار منصوبے سی پیک میں رکاوٹیں ڈالنے والے ملک اورعوام کے خیر خواہ نہیں۔ہم ملک کو ترقی کی طرف لے جا رہے ہیںجبکہ دھرنے والے ملک کو ترقی کی راہ سے ہٹانے کے درپے ہیں۔ پاکستان احتجاج اورانتشار کی سیاست کا کسی طورپر متحمل نہیں ہوسکتا ۔تھکے ہوئے سیاستدان اپنی انتشارکی سیاست کے ذریعے ملک و قوم کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔چین کی 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے قوم کی حالت بدلے گی لیکن دھرنے والوں کو یہ گوارا نہیں۔ ملک کے باشعور عوام ایسے عناصر کو کسی صورت عوام کی تقدیر سے کھیلنے نہیں دیں گے۔عوام نے جس طرح انہیں انتخابات میں مسترد کیااسی طرح ان کی احتجا ج کی سیاست کو بھی مسترد کریں گے۔ شہبازشریف نے یہ بات ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردارشیر علی گو رچانی اورایم پی اے نعیم اختر بھابھہ سے میں کی۔اجلاس سے خطاب میں ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ سکیورٹی انتظامات کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور گزشتہ برسوں سے بڑھ کر پرامن فضا کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی اقدامات کئے جائیں۔ دشمن ہماری سلامتی کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا اور اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرکے دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بننا ہوگا۔امن و امان کے قیام سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی۔ اشتعال انگیز مواد اور لٹریچر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔وزیراعلیٰ مضرصحت گھی اورآئل تیار کرنے والے مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عوام کو مضرصحت آئل یاگھی کی شکل میں زہر کھلانے والے کڑ ی سے کڑی سزا کے حقدار ہیں۔ایسے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کی جگہ جیل ہے اوراس مکروہ دھندے کا خاتمہ کرنامتعلقہ محکمے ،فوڈ اتھارٹی اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔انہوںنے کہا کہ مضرصحت گھی اور آئل تیار کرنے والے افرادکسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ملتان میں مضرصحت آئل تیار کرنے والی فیکٹری کے خلاف مقدمے میں موثر پیروی نہ کرنے پر پراسیکیوٹر کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے سپیشل فوڈ کو رٹس کے امور بروقت طے نہ کرنے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ متعلقہ حکام اس ضمن میں فوری اقدامات کریں۔ سیاحت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلی نے کہا ہے سیاحتی سرگرمیوںکو فروغ دے کر قومی معیشت کو مضبوط اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے ۔سیاحت کے فروغ سے دنیا میں کسی بھی ملک کا سافٹ امیج اجاگر ہوتا ہے۔ ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے شعبہ سیاحت سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ شہباز شریف خیبرپی کے کے انسپکٹر جنرل پولیس ناصر خان درانی کی رہائش گاہ جی او آر وَن گئے اوربیٹے کی شادی پر مبارکباد دی۔

ای پیپر-دی نیشن