• news

لاہور چیمبر کے کارپوریٹ کلاس الیکشن: پیاف فائونڈرز الائنس نے تمام 7 نشستیں جیت لیں

لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کارپوریٹ کلاس کے انتخابات برائے سال 2016-17ء میں پیاف فائونڈرز الائنس نے تمام نشستوں پر اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے کلین سویپ کر دیا ہے۔ کارپوریٹ کلاس کے لیے 3068 ووٹرز میں سے1010 ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ کارپوریٹ کلاس کی سات نشستوں پر پیاف فائونڈرز الائنس نے 668 پینل ووٹ جبکہ بزنس مین فرنٹ کے واحد امیدوار طاہر ملک نے38پینل ووٹ حاصل کئے اور 74ووٹ تکنیکی بنیادوں پر مسترد کر دئیے گئے۔ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں میں ندیم قریشی نے 811، عبدالباسط نے 841، الائنس میں شامل پروگریسو گروپ کے محمد ارشد چودھری نے 812، معظم رشید نے 801، میاں محمد نواز نے 803، علی حسام اصغر نے 839، جاوید اقبال صدیقی نے 782جبکہ طاہر ملک نے 192ووٹ حاصل کئے ۔ ووٹوں کی گنتی کے دوران دونوں گروپوں کے حامیوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی جس کے باعث ووٹوں کی گنتی کچھ دیر کے لئے رک گئی۔ الیکشن کمیشن فاروق افتخار، ہارون شفیق چودھری اور نادر کمال عثمان پر مشتمل تھا۔ دوسرے مرحلے میں ایسوسی ایٹ کلاس کی8نشستوں کے لیے پولنگ 27ستمبر کو (آج) ہوگی جس میں 8734 ارکان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ حتمی نتائج کا اعلان 30ستمبر کو سالانہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پیاف فائونڈرز الائنس کے فیصلے کے مطابق لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آئند ہ صدر عبدالباسط،سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر ناصر حمید ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن