• news

وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی لندن میں عیادت کی

لاہور(حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس)دل کا عارضہ میاں نواز شریف کو شہریار خان کے پاس کھینچ لایا، چند ماہ قبل میاں نواز شریف"مریض دل" تھے تو ان دنوں شہریارخان لندن میں سرجری کے بعد روبصحت ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے لندن میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین شہریار خان سے ملاقات کی ہے۔ نواز شریف اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز اور صاحبزادے حسن نواز کے ہمراہ شہریار خان کی رہائش گاہ تشریف لے گئے۔ چیئرمین پی سی بی کی وطن واپسی کا فیصلہ بھی آئندہ چند روز میں ہو جائیگا۔ ایک دو روز میں چیک اپ کے بعد ڈاکٹر شہریار خان کے ہوائی سفر کے حوالے سے رہنمائی کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے چیئرمین کی صحت تیزی سے بہتر ہوئی ہے اور ڈاکٹر کی طرف سے انہیں وطن واپسی کی اجازت مل سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر کیطرف سے ہوائی سفر کی اجازت ملی تو شہریار خان پاکستان آنے کے بجائے متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری کرکٹ سیریز کے میچز دیکھنے کے بعد وطن واپس آئیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے شہریار خان کی سرجری کے متعلق معلومات لیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کی تیزی سے صحتیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے اپنی سرجری کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے شہریارخان کو احتیاط برتنے کا مشورہ بھی دیا۔ انہوں نے شہریار خان کی جلد مکمل صحت یابی کے لئے دعا کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان بھارت کشیدگی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے میاں نواز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے حالیہ اقدامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا

ای پیپر-دی نیشن