سعودی عرب میں پھنسے 5300 پاکستانی خاندانوں کو معاوضہ ادا، سینکڑوں ورکرز کی تنخواہ لئے بغیر واپسی کل سے شروع
اسلام آباد/ریاض ( صباح نیوز+اے ایف پی) اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانی ورکروں کے خاندانوں کو فی کس 50 ہزار روپے معاوضہ ادا کردیا۔اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن(او پی ایف)کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین امجد ملک نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا دستیاب اور اعداد و شمار کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر سعودی عرب میں پھنسے ورکروں کے 5300 خاندانوں کو معاوضہ اداکیا گیا ہے۔ باقی ماندہ پاکستانیوں کے خاندانوں کو ان کے اعداد وشمار موصول ہونے کے بعد جلد از جلد چیک ادا کر دئیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز اور او پی ایف کے ایم ڈی نے سعودی عرب کا دورہ کیا ہے اور وہاں پھنسے پاکستانیوں کی مدد کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ دوسری طرف اے ایف پی کے مطابق سینکڑوں کنسٹرکشن کے شعبہ کے پاکستانی ورکرز مہینوں انتظار کرنے کے بعد اس ہفتے تنخواہیں وصول کئے بغیر ہی وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔ پاکستانی سفارتخانے کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ نے بتایا 500 سے زیادہ پاکستانی ورکرز کو سعودی کمپنی ’’سعودی اوگرا‘‘ نے گزشتہ آٹھ یا نو ماہ سے تنخواہیں نہیں دی ہیں۔ 405 پاکستانی ورکرز بدھ سے وطن واپسی شروع کر دیں گے۔ گزشتہ ماہ شاہ سلمان کی جانب سے امدادی پروگرام کے اعلان کے بعد 275 پاکستانی پہلے ہی واپس آ چکے ہیں۔ عبدالشکور شیخ کے مطابق سعودی وزارت محنت کی جانب سے کمپنی ’’سعودی اوگرا‘‘ کیخلاف مقدمہ میں بھی ورکرز کے ساتھ تعاون کیا جا رہا ہے۔ 2ہزار سے زائد پاکستانیوں کا ایگزٹ ویزے تیار ہو چکے ہیں تاہم مشکلات بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا امید ہے کہ ورکرز آخرکار تنخواہیں وصول کر لیں گے۔ مئی میں بن لادن گروپ نے اپنے ورکرز کی روکی تنخواہیں ادا کرنا شروع کر دی تھیں۔