اوباما کسی عام شخص کی طرح ای میل کا استعمال کرتے ہیں: وائٹ ہائوس
واشنگٹن (این این آئی) وائٹ ہائوس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے کہاہے کہ صدر سمیت تمام اہم حکومتی عہدیداروں کے ای میل پیغامات کے لئے سکیورٹی کے بھرپورانتظامات کئے جاتے ہیں۔ صدر کے زیراستعمال ای میل ایڈریس کی نشاندہی روکنے کے لئے بھی موثر اقدامات کئے جاتے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک پریس بریفنگ میں سوال کا جواب دیتے ہوئے جوش ارنسٹ کا کہنا تھا کہ صدر باراک اوباما کو ای میل کے ذریعے پیغامات ارسال کرنے والوں کی تعداد انگلیوں پر گنی جاسکتی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا امریکہ کے 44 ویں صدر کسی عام شخص کی طرح ای میل کا استعمال کرتے ہیں۔ وہ ہر گھنٹے ہونے والے واقعات اور خبروں اور روٹین کے مسائل پر ای میل کے ذریعے تبادلہ خیال کرتے ہیں۔