• news

عالمی مسابقت کی درجہ بندی میں پاکستان کی ترقی‘122ویں نمبرپر آگیا

لاہور( کامرس رپورٹر)عالمی اقتصادی فورم کی رپورٹ برائے 2016-17ء کے مطابق پاکستان عالمی مسابقت کی درجہ بندی میں 4 درجہ بہتری کے بعد 122 ویں نمبر پر آگیا ہے جبکہ سوئٹزرلینڈ مسلسل 8 ویں سال مسابقت کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پرہے ، سنگاپور دوسرے اور امریکہ تیسرے نمبر پر ہے۔عالمی اقتصادی فورم کی سالانہ رپورٹ میں 138 ممالک کے ان عناصر کا جائزہ لیا گیا جو قومی پیداوار میں اضافے اور استحکام کا موجب بنتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق کرپشن کو پاکستان میں کاروبار کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا گیا جبکہ جرائم، چوری، شرح ٹیکس، سرمائے تک رسائی، حکومتی عدم استحکام اور فوجی بغاوتوں کو بھی معاشی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والے عناصر کہا گیا۔عالمی مسابقت کے 114 اشاریے میں سے پاکستان نے 54 اہم اشاریے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ 50 اشاریات ایسے ہیں جن میںپاکستان اپنی سابقہ پوزیشن برقرار نہ رکھ سکا اور 10 اشاریات میں پاکستان گزشتہ برس کی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔ریاستی ستونوں کی بہتری کے اعتبار سے پاکستان 119 سے 111 ویں نمبر پر آگیا جبکہ انفراسٹرکچر کے شعبے میں پاکستان ایک پوائنٹ بہتری کے بعد اس سال 116 ویں نمبر پر رہا۔

ای پیپر-دی نیشن