• news

کابینہ کی میٹنگ آج‘ قومی سلامتی کمیٹی کی منگل کو ہوگی‘ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کو ہو گا

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج جمعہ کو طلب کر لیا ہے جس میں باقاعدہ ایجنڈا آئٹمز کے علاوہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ ایوان وزیراعظم کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات پر کابینہ اجلاس کا اولین ایجنڈا آئٹم کشمیر کی صورتحال، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا ان کا دورہ اور نیویارک میں عالمی رہنمائوں کے ساتھ ان کی دوطرفہ ملاقاتوں پر تبادلہ خیال ہو گا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق خارجہ سیکرٹری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بحث سے قبل کابینہ کو بریفنگ دیں گے۔ وزیراعظم ہائوس کے میڈیا سیل کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کو سکیورٹی اداروں کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی صورتحال کے بارے میں مسلسل آگاہ کیا جا رہا ہے۔ قومی سلامتی مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر وزیراعظم آفس کو ایک جامع رپورٹ پیش کی۔ وزیراعظم نے بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب دینے کیلئے پاکستان کی مسلح افواج کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کے پیش نظر حکومت نے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے کابینہ کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس منگل کو طلب کر لیا ہے اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اجلاس میں کنٹرول لائن کی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر پر بھارتی مظالم کا معاملہ زیر غور آئے گا۔ وزیراعظم نے کنٹرول لائن کے حوالے سے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کو پارلیمنٹ کا مشرکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وطن عزیز کی حفاظت کے قومی عزم کا اعادہ ہو گا۔ اجلاس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا جس میں ارکان کو حکومت پاکستان کے اقدامات اور سکیورٹی کی صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ تقسیم ہند کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے کوئی طاقت کشمیریوں کی حمایت سے نہیں روک سکتی۔ تمام پارلیمانی قوتیں اجلاس میں مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گی۔

ای پیپر-دی نیشن