واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد شریک بھارتی سٹینڈز پرسناٹا‘ لوگوں کو روکدیا گیا
لاہور (این این آئی+ صباح نیوز) لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کے بعد بھارت کو سانپ سونگھ گیا، واہگہ باڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی جبکہ سرحد کی دوسری طرف بھارت کے سٹینڈز مکمل خالی ہونے کے باعث سناٹا چھایا رہا، بھارت نے اپنے لوگوں کو تقریب میں آنے سے روکدیا۔ ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی اور تحریک انصاف کے وائس شاہ محمود قریشی نے بھی تقریب میں خصوصی طو رپر شرکت کی اورجوانوں کا حوصلہ بڑھایا۔ گزشتہ روز بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کر کے پاکستان کے دوفوجی جوانوں کو شہید کئے جانے کے باوجود رینجرز جوانوں کے حوصلے کم نہ ہوئے اور واہگہ بارڈر پر حسب معمول قومی پرچم اتارنے کی پروقار تقریب ہوئی۔ تقریب میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمرفاروق برکی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی سمیت ہزاروں پاکستانیوں نے شرکت کی جبکہ بھارت کی طرف سٹینڈز مکمل خالی ہونے سے سناٹا چھایا رہا اوربھارتی فوجی اکیلے ہی بارڈر پر موجود تھے۔ اس موقع پر ڈی جی رینجرز پریڈ میں حصہ لینے والے جوانوں سے ملے اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔