• news

کل پنجاب ’’سیف الملوک‘‘ گائیکی مقابلہ ظفر عباس جعفری نے جیت لیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)عظیم صوفی شاعر میاں محمد بخش کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے’’کُل پنجاب مقابلہ ’’سیف الملوک‘‘ میں طلباء و طالبات نے حصہ لیا ۔مقابلے میں پنجاب گروپ آف کالجزلاہور کے طالب علم ظفر عباس جعفری نے پہلی پوزیشن، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے محمدحسن سانول نے دوسری، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج شیخو پورہ کے حافظ محمد سفیان نے تیسری جبکہ گورنمنٹ کالج برائے خواتین، باغبانپورہ لاہور کی فائزہ شفیع نے چوتھی اور یونیورسٹی آف سرگودھا کے طالب علم سید حسن عارف نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ حکیم فقیر حسین، اقرا رضوی، منظور حسین ملنگ اور محمد ماجد منظور اعوان نے بھی میاں محمد بخش کا کلام پیش کیا ۔ مہمانِ خصوصی اقبال ماہل، ڈائریکٹر پِلاک ڈاکٹر صغرا صدف، مقابلے کے منصفین پروفیسر سعید احمد، اقبال قیصر، سید آل عمران اور حسین مجروح نے طلباء و طالبات میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ گلوکارشوکت علی نے کہا کہ پنجابی زبان کا اصل سرمایہ صوفیاء کا کلام ہے جس کی گائیکی کے ذریعے اِس کو عوام الناس تک پہنچانے کی کامیاب سعی پنجاب حکومت کے توسط سے جاری رہتی ہے۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کی ڈائریکٹر ڈاکٹر صغرا صدف نے کہا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ صوفیاء کے کلام کے ذریعے طلباء و طالبات تک ان کا امن و محبت کا پیغام پہنچایا جائے۔ شرکاء نے صوفیانہ کلام کے مقابلوں پر پنجاب انسٹیٹیوٹ و حکومت پنجاب کی تعریف کی۔ نقابت کے فرائض محمد عاصم چودھری ڈپٹی ڈائریکٹر، پِلاک نے سر انجام دئیے۔ 

ای پیپر-دی نیشن