وائٹ وائش کی خوشی ‘ پی سی بی کا کھلاڑیوں اورٹیم مینجمنٹ کو بونس دینے پر غور
لاہور(نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ میچز میں انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد ٹی ٹونٹی میں ویسٹ اندیز کو وائٹ واش کر کے قوم کی خوشیوں میں اضافہ کیا۔ ٹیم کی محنت کا صلہ دینے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کو بونس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو شکست دی اور ٹیسٹ کی نمبر ایک ٹیم بن گئی۔ ٹیسٹ کی جیت کا اثر ٹی ٹونٹی ٹیم پر بھی پڑا اور ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ قومی ٹیم کی کامیابیوں سے جہاں عوام کی خوشیاں دوبالا ہوئیں وہیں پی سی بی نے بھی خوش ہو کر ٹیم کو بونس دینے کا فیصلہ کر لیا بونس صرف مصباح الحق اور ان کی ٹیم کو ہی نہیں بلکہ ٹیم مینجمنٹ کو بھی دیا جائے گا۔پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے اے کیٹیگری کے کھلاڑی پانچ لاکھ ماہانہ اور چار لاکھ میچ فیس لے رہے ہیں ، جس میں اضافہ کی تجویز دی جا رہی ہے جبکہ ٹی ٹونٹی کھلاڑیوں کو میچ فیس کی مد میں ایک لاکھ پچیس ہزار ملتے ہیں۔اچھی کارکردگی کا انعام دینے کے لیے تقریب کے انعقاد کی تجویز زیرغور ہے لیکن اس تقریب کا انحصار شہر یار خان کی صحت پر منحصر ہے اور ان کی واپسی پر ہی وینیو کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔