• news

صوابی : فائرنگ سے کونسلر بیٹے سمیت جاں بحق‘ مالاکنڈ‘ باپ کی تین بچوں کو قتل کر کے خودکشی

صوابی + مالاکنڈ ( آن لائن ) خیبر پی کے کے ضلع صوابی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کونسلر بیٹے سمیت جاں بحق ہوگیا۔ مالاکنڈ میں باپ نے 3 بچوں کو قتل کرکے خودکشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ یار حسین کی حدود میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ کردی۔ گولیاںلگنے سے مقامی کونسلر اور اس کا بیٹا موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ابھی تک ملزموں کے حوالے سے کچھ بھی واضح نہیں ہوسکا۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ فائرنگ کرنے والوں کی تلاش بھی شروع کردی گئی ہے۔ دوسری جانب مالا کنڈ میں باپ نے فائرنگ کرکے دو بیٹوں اور ایک بیٹی کو ابدی نیند سلا دیا۔پولیس کے مطابق مالا کنڈ کے علاقے بلائی شیر خانہ میں افسوس ناک واقعہ گھریلو تنازع کے باعث پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنے دو بیٹوں اور ایک بیٹی کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔ بچوں کے قتل کے بعد ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر موت گلے لگالی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، تمام نعشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن