نائن الیون بل : سعودی عرب امریکہ سے دہشت گردی کیخلاف تعاون ختم کر سکتا ہے : ماہرین‘ ویٹو مسترد کرنا غلطی خطرناک مثال ہے : اوباما
ریاض، واشنگٹن (اے ایف پی) امریکی کانگرس کی طرف سے نائن الیون بل پر ویٹو کو مسترد کرنے کے بعد ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ سعودی عرب انسداد دہشت گردی پر تعاون ختم کر سکتا ہے۔ سعودی امریکن پبلک افیئرز کمیٹی کے صدر سلمان الانصاری نے کہا نائن الیون بل کے باعث دونوں ممالک کے درمیان خطرناک سٹرٹیجک پیچیدگیاں پیدا ہونگی۔ امریکہ نے سعودی عرب کی پیٹھ میں چھرا گھونپا۔ ایک ایسے ملک کے خلاف کیسے مقدمہ ہو سکتا ہے جو خود انسداد دہشت گردی کے لئے تعاون کر رہا ہو۔ ادھر امریکی صدر بارک اوباما نے کانگریس کی جانب سے نائن الیون بل پر ویٹوکو مسترد کرنے کو غلطی قرار دے دیا۔ نائن الیون بل پرویٹو کی منسوخی خطرناک مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مقتدر اعلیٰ کے استثنا کے تصورکا خاتمہ کیاجائے گا تو دنیا بھر میں تعینات امریکی مرد اور خواتین فوجیوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ اس سے قبل اوباما کی جانب سے کئے گئے تمام 11 ویٹو برقرار رہے تھے تاہم اس مرتبہ کانگریس نے ان کا ساتھ نہیں دیا جو ان کے دور صدارت کا آخری ویٹو ہے۔ وائٹ ہاﺅس نے ویٹو مسترد کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
اوباما ویٹو