عدنان سمیع کی پاکستان کے خلاف سرجیکل سٹرائیک کے دعوے پر نریندر مودی کو مبارکباد‘ سوشل میڈیا پر پاکستانی برہم‘ سخت تنقید
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) پاکستانی شہریت ترک کرکے بھارت کی شہریت لینے والے عدنان سمیع بھی زہر اُگلنے لگے۔ عدنان سمیع نے پاکستان کے خلاف سرجیکل سٹرائیک کے دعوے پر نریندرمودی کو مبارکباد دی ہے جبکہ بھارتی شہریت ملنے کے بعد پاکستانیوں کے ردعمل پر بھی عدنان سمیع سیخ پا ہیں۔ دوسری طرف عدنان سمیع کی بھارت کے حق میں کی گئی ٹوئیٹ سے سوشل میڈیا پر پاکستانی برہم ہو گئے اور گلوکار کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اس سے قبل یہ معاملہ مزید سنگین رخ اختیار کرتا گلوکار نے منفرد حربہ اختیار کرکے ایک اور ٹوئیٹ میں اپنا مؤقف واضح کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پھر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا‘ تاہم ٹوئٹر پر اکثر لوگوں نے ان کی رائے سے اتفاق نہیں کیا۔