پانامہ لیکس، وزیراعظم اعلان کے باوجود احتساب کیلئے پیش نہیں ہوئے: طاہر القادری
لاہور (آئی این پی) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے پانامہ لیکس کے حوالے خود کو احتساب کیلئے پیش کرنے کا اعلان کیا مگر پیش نہیں ہوئے، اثاثے بھی چھپائے اور ماڈل ٹائون میں بے گناہوں کو قتل بھی کیا مگر تمام اداروں میں ایف آئی اے ہو، سٹیٹ بنک ہو، نیب ہو یا الیکشن کمشن ہر جگہ ان کے ملازم ہیں۔ کوئی ادارہ ان قاتل اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف ایکشن نہیں لیتا، کوئی ادارہ آزاد نہیں۔ ہمیں دو تین ذرائع سے اطلاعات ملیں کہ ماڈل ٹائون مقدمے کو ڈی فیوز کرنے کیلئے اگر عوامی تحریک نے علامتی شرکت کا بھی اعلان کیا تو انکا پلان تھا 5، 7 آدمیوں کی نعشیں گرا دی جائیں اور الزام عوامی تحریک کے کارکنوں پر لگا دیا جائے۔ ہم نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں درخواست دائر کی کہ جوڈیشل کمشن کی رپورٹ کو استغاثہ کی کارروائی کا حصہ بنایاجائے تاکہ معزز جج کو فیئر ٹرائل کے حوالے سے مدد مل سکے، ہماری یہ درخواست بھی مسترد کر دی گئی شریف برادران کی ملکی سلامتی کے خلاف اور شوگر ملوں میں بھارتیوں کے کام کرنے کے حوالے سے جو ثبوت دئیے تھے وہ تسلی بخش تھے اگر کوئی کارروائی کرنا چاہے تو یہ بڑے آرام سے قابو میں آ جائیں گے۔ یہ حکمران ہمارے ثبوتوں کے خلاف عدالت میں جانے کی جرات نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا سانحہ ماڈل ٹائون کے قصاص، پانامہ لیکس کے معاملے پر تمام جماعتوں کے ساتھ ہیں ساری اپوزیشن کا مطالبہ رہا ہے کہ شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔