تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے لاہور چیمبر کو مزید فعال کیا جائیگا: عبدالباسط
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدرعبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر ناصر حمید نے لاہور چیمبر کے سالانہ اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تاجر برادری کو درپیش مسائل حل کرانے کے لیے اعلی حکومتی شخصیات، وزراء اور بیوروکریٹس سے رابطہ کیا اور لاہور چیمبر کے کردار کو مزید فعال اور بامعنی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کالاباغ ڈیم سمیت بڑے آبی ذخائر کی تعمیر، برآمدات کے فروغ، تجارتی خسارے میں کمی، بجلی کی پیداوار میں اضافے، سمگلنگ کی روک تھام اور زرعی شعبے کی طرف توجہ مرکوز کی جائے گی لیکن جدوجہد کا آغاز سرکاری اہلکاروں کی جانب سے صوابدیدی اختیارات کے غلط استعمال، کاروباری مقامات پر چھاپوں، بینک اکائونٹس تک رسائی ، ودہولڈنگ ٹیکس، مختلف مصنوعات پر ویلیوایشن میں بھاری اضافے اور ٹیکسوں کے پیچیدہ نظام جیسے مسائل حل کرانے سے کیا جائے گا۔