ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سکواڈ پر مشاورت شروع‘ شہریار آئی سی سی اجلاس میں شرکت نہیں کرینگے
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق اور قومی ٹیسٹ کر کٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سکواڈکے انتخاب کے لیے مشاورت شروع کر دی ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کے درمیان اس ضمن میںتفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔اس سے پہلے چیف سلیکٹر متحدہ عرب امارات میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے بھی مشاورت کر چکے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتے قائد اعظم ٹرافی کے پہلے رائونڈ کے دوران متوقع ہے ،قومی ٹیم میں زیادہ تبدیلیوں کا امکان نہیںہے ۔ افتخار احمد اور ذوالفقار بابر کی جگہ دوسرے آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔چیئرمین پی سی بی شہریارخان علالت کی وجہ سے آئندہ ماہ جنوبی افریقہ میں ہونے والی آئی سی سی میٹنگ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان جو دل کے آپریشن کے بعد لندن میں ہی مقیم ہیں، ان کی عدم موجودگی میں بورڈ کے معاملات سی ای او سبحان احمد چلا رہے تھے، اور اب ایگزیکٹیو کمیٹی چیف نجم سیٹھی بھی یورپ اور دبئی کے ٹورز کے بعد لاہور آ چکے ہیں۔ شہریارخان کی وطن واپسی اکتوبر کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔