• news

ملازمتوں پر پابندی ختم، شادی ہال، بازار رات 10 بجے بند کرنے، ون ڈش کی تجویز عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی ممنوع: سندھ کابینہ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) سندھ کابینہ نے سرکاری ملازمتوں سے پابندی اٹھانے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت کی ہے کہ عوامی مقامات پر سگریٹ پینے، شیشہ، گٹکا، مین پوری کے استعمال پر پابندی پر فوری عمل کرایا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، مشیر اور معاون خصوصی شریک ہوئے۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کابینہ کو محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے متعلق غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔ سی سی ٹی وی کا سسٹم مزید بہتر کیا گیا ہے۔ سندھ بلوچستان سرحد کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔ تمام ایجنسیوں کا تعاون حاصل ہے۔ پولیس اور رینجرز مل کر کام کر رہے ہیں۔ سادہ لباس اہلکار مجالس کی نگرانی کریں گے۔ سندھ اسمبلی جو بل پاس کرے اسی دن گورنر کو منظوری کے لئے بھیج دیا جائے۔ سندھ کے عوام کی ہماری حکومت سے امیدیں وابستہ ہیں۔ عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کے لئے محنت و دیانتداری سے کام کرنا ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ عوام کو مایوس نہ کریں ۔ کابینہ نے بھارتی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پورا پاکستان متحد ہے ۔ انہوں نے تجویز دی کہ وزیراعظم سے آل پارٹیزکانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا جائے۔ بھارتی جارحیت کے اہم ایشو پر اے پی سی ملکی سلامتی کے لئے ضروری ہے۔ اجلاس میں اے پی سی میں قومی قیادت کو ملکی صورتحال پر اعتماد میں لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بیروزگار نوجوان حکومت کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ پابندی کب ہٹتی ہے یہ مناسب وقت ہے کہ بھرتیوں سے پابندی ہٹا لی جائے۔ صوبائی مشیر برائے اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ اجلاس میں ملازمتوں سے پابندی اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور سندھ حکومت ان اسامیوں کو اہلیت اور میرٹ کی بنیادوں پر پرُ کرے گی۔ اجلاس میں شہید ہونے والے فوجیوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کی گئی۔ ہمارے کوئی بھی اختلافات ہوں مگر ملکی سالمیت کے حوالے سے ہم ایک ہیں۔ دشمن سے مقابلے کی بات ہو تو سندھ سمیت پورا ملک پاک افواج کے ساتھ کھڑا ہے۔ محرم الحرام میں مکمل فول پروف اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزیراعلی سندھ چاہے کچھ بھی ہو جائے وہ صبح 9 بجے ڈیوٹی پر آجاتے ہیں۔ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے حوالے سے بتاتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ زکوۃ کونسل کے فنڈز بحال کر دیئے ہیں۔ لائیو سٹاک کے حوالے سے افزائش کے بل بھی زیرغور لایاگیا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کچھ بڑے مشکل فیصلے بھی کئے ہیں وزیراعلی سندھ نے کہا ہے کہ ہم کو اکثریت کا خیال رکھنا ہے۔ جس میں رات 10 بجے بازار اور شادی ہالز بند کئے جانے اور شادی بیاہ میں ون ڈش کے حوالے سے بھی تجویز دی گئی ہے۔ پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آسکر انعام یافتہ شرمین عبید چنائے اور ماہر تعمیرات شاہد عبداللہ نے ملاقات کی۔ جس کے دوران پاکستان خصوصاً سندھ کی تاریخی آرٹ، کرافٹ اور فلمز کو کسی عمارت یا میوزیم میں رکھنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کراچی ڈویلپمنٹ پیکیج پر اہم اجلاس وزیراعلیٰ ہائوس میں ہوا۔ جس میں کراچی کے بارے میں منصوبوں پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بغیر پروٹوکول کے خود ڈرائیو کر کے اچانک شہر کے دورے پر روانہ ہوئے اور انکے ساتھ صوبائی وزیر منظور وسان بھی ساتھ تھے۔ اس موقع پر انہوں نے میریٹ ہوٹل کے سامنے زیر تعمیر سڑک کا معائنہ کیا اور وزیراعلیٰ ہائوس کے سامنے سڑک کی تعمیرکے جاری کام کا جائزہ لیا اور سڑک کا معائنہ کرنے کے بعد پیدل وزیراعلیٰ ہائوس روانہ ہوئے اس موقع پر کمشنر کراچی، ڈپٹی کمشنر اور پروجیکٹ ڈائریکٹر سے جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفینگ بھی لی۔

ای پیپر-دی نیشن