جنگ مسلط کی گئی تو پاک بحریہ بھرپور جواب دیگی : ایڈمرل ذکا اللہ عارف اللہ حسینی ، اگلے مورچوں کا دورہ
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ذکاء اللہ نے کریکس ایریاز میں پاک بحریہ کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایڈمرل ذکاء اللہ نے جوانوں، افسروں کی آپریشنل کارکردگی اور تیاری کا مشاہدہ کیا اور سمندری سرحدوں کے تحفظ کیلئے جوانوں کے عزم کو سراہا اور کہا کہ امن کیلئے ہماری خواہش کو کمزور نہ سمجھا جائے۔ جنگ مسلط کی گئی تو پاک بحریہ پوری قوت سے جوابی کارروائی کی صلاحیت رکھتی ہے۔ علاوہ ازیں کمانڈر پاکستان فلیٹ ایڈمرل عارف اللہ حسینی کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ دشمن کے کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے شمالی بحریہ عرب میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کا معائنہ کیا۔