بھارتی معاہدوں سے مُکر جاتے ہیں‘ پی سی بی کا ٹھاکر کے بیان پر ردعمل
لاہور(نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کی طرف سے آئی سی سی پاکستان کیخلاف میچز نہ کھیلنے کی درخواست دینے کے ردعمل میں کھری کھری سنا دی ہیں ۔پی سی بی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ آفیشلی ابھی تک کوئی ایسا پیغام نہیں ملا ہے ۔ایسی باتوں پر رد عمل دینا بھی فضول ہے ۔ہم ایسے بیانات اور بہت سی چیزیں سن رہے ہیں مگر ضروری نہیں کہ ایسی صورتحال میں کسی رد عمل کا اظہار کیا جائے ۔ بی سی سی آئی کے صدر انو راگ ٹھاکر نے کہا تھا کہ آئی سی سی کو درخواست دی ہے کہ آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کے پول میں نہ رکھا جائے ۔ آئی سی سی نے ردعمل کے طور پر کہا تھا کہ ایسی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی اور نہ چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول میں کوئی تبدیلی کی جائے گی ۔ ذرائع نے بتا یا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی صدر کے بیان سنجیدہ نہیں لے رہا ہے ۔ٹھاکر سیاستدان ہیں اور وہ گیلری میںبیٹھ کر بیان دیتے رہتے ہیں۔عہدیدار نے مزید بتایا کہ اگر بھارت نہیں کھیلنا چاہتا تو نہ کھیلے ‘شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں کیا کرے گا ۔ ہم تو کھیلنے کا نہیں کہہ رہے ہیں ۔چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔جب آئی سی سی اجلاس ہوا تھا تو ٹھاکر نے خود کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کیلئے حالات ٹھیک ہونے چاہئے ۔جب وہ عوام میں آتے ہیں تو ان کی بولتی بند ہوجاتی ہے ۔وہ بیانات سے مکر جاتے ہیں ۔ معاہدوں کے باجود بھارت نے 2007ء سے اب تک کوئی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی ہے ۔بھارت نے 2015ء سے 2022ء تک دوطرفہ چھ سیریز کھیلنے کے معاہدے کئے ہیں جن پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے ایسے میں دو طرفہ کرکٹ پر بات کرنے کا کیا فائدہ ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئر مین خالد محمود نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کرکٹ کو قومی وقار ترجیح نہیں دی جاسکتی ہے ۔ بھارت کو اسی کی زبان میں ہی جواب دینا چاہئے ۔ قو می کرکٹ ٹیم کے سابق منیجر اظہر زیدی او رکمنٹیٹر راجہ اسد علی خان نے کہا کہ موجود ہ وقت بھارت سے کرکٹ کھیلنے کا نہیں ہے ۔ پہلے کون سی کرکٹ ہورہی ہے ۔ ہمیں بھی بھارت سے کھیلنے کی ضرورت نہیں ‘وہ معاہدے کر کے مکر جاتے ہیں ان کی باتوں پر یقین نہیں کرنا چاہئے۔