روس نے مزید طیارے شام بھیج دیئے‘ ماسکو صورتحال خراب کر رہا ہے: امریکہ
واشنگٹن + ماسکو (بی بی سی + رائٹرز + نیوز ایجنسیاں) امریکہ نے کہا ہے کہ روس کی شام میں بڑھتی ہوئی فوجی کارروائی شامی حزب اختلاف کے اندر اعتدال پسند عناصر کو شدت پسندوں کی جانب دھکیلنے پر مجبور کر رہی ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ روس کی شام میں تازہ فضائی کارروائیوں سے صورتحال مزید خراب ہورہی ہے۔ امریکہ روس کے ساتھ تعاون ختم کر سکتا ہے۔ روس کے الزامات بے معنی ہیں اور امریکہ نے گزشتہ ماہ کے دوران النصرہ فرنٹ کو نشانہ نہیں بنایا کیونکہ وہ دیگر گروہوں اور شامی شہریوں کے ساتھ گھل مل گیا ہے۔ صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے۔ روس نے مزید لڑاکا طیارے شام پہنچا دیئے۔ فرانسیسی وزیرخارجہ رالٹ نے کہا شامی حکومت روس‘ ایران کی مدد سے اپنے شہریوں کے خلاف مصروف جنگ ہے۔ ترک وزیرخارجہ نے کہا شام کے مسئلہ پر روس کے ساتھ تعاون پر تیار ہیں۔ ادھر حلب کے سب سے بڑے ہسپتال پر بیرل بم کا حملہ کیاگیا۔ رپورٹ کے مطابق کلسٹر بم پھینکے۔ ایک شخص ماراگیا۔ترک پارلیمنٹ نے فوج کے شام اور عراق میں قیام میں مزید ایک برس توسیع کی منظوری دیدی۔