• news

پشاور: گاڑی سے اسلحہ، ژوب میں خودکش جیکٹ، گولہ بارود برآمد

پشاور/ ژوب/ ملتان (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) پولیس نے پشاور میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ پولیس نے کوہاٹ روڈ پر کارروائی کر کے گاڑی سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ اسلحے میں 96 کلاشنکوف، 46 پستول، 24 ہزار کارتوس اور 10 میگزین شامل ہیں۔ اسلحہ لکی مروت سے پشاور لایا جا رہا تھا۔ گاڑی کے ڈرائیور زمان سکنہ لکی مروت کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ژوب میں ایف سی اہلکاروں نے ایک گھر میں چھاپہ مار کر خودکش جیکٹ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔ خفیہ اداروں کی اطلاع پر ایف سی اہلکاروں نے گوال اسماعیل زئی کے علاقہ میں ایک گھر پر چھاپہ مارا اور ایک خود کش جیکٹ، تین بارودی سرنگیں اور بڑی تعداد میں مارٹر گولے اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔ جس گھر پر چھاپہ مارا گیا وہ کالعدم تنظیم کا ٹھکانہ بتایا جاتا ہے۔ ایف سی حکام کے مطابق کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تاہم کالعدم تنظیم کے ٹھکانے کو مسمار کر دیا گیا۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ آپریشن کرکے 4 اشتہاریوں سمیت 20 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہو گیا۔ دوران تفتیش ملزمان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ چک جھمرہ سے نامہ نگار کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ادھر ملتان میں حساس اداروں اور پولیس نے ائرپورٹ کے اطراف کی آبادیوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 3 مشتبہ افراد کو پکڑ لیا اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن