• news

بھارتی جارحیت کیخلاف نوازشریف‘ پانامہ لیکس پر اپوزیشن کے ساتھ ہیں: بلاول

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے اہم رہنماؤں کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں آج وزیراعظم میاں نوازشریف کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس بارے مشاورت کی گئی۔ پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلزپارٹی وزیراعظم کو مستقل وزیر خارجہ لگانے‘ کشمیر پر جارحانہ پالیسی اختیار کرنے اور سندھ طاس معاہدے پر بین الاقوامی سطح پر لابنگ کرنے کی سفارشات پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ‘ سینٹ میں اپوزیشن لیڈر چودھری اعتزاز احسن ‘ سینیٹر شیری رحمان اور قمر زمان کائرہ بھی ہوں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کو نریندر مودی سے دوستانہ انداز میں بات کرنے کی بجائے ایک ایٹمی قوت کے وزیراعظم کے طور پر بات کرنی چاہئے، بھارتی جارحیت کے خلاف ہم نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہیں اور پوری قوم متحد ہے لیکن پانامہ لیکس کے معاملہ پر پیپلزپارٹی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ہے اور اپوزیشن نے پانامہ لیکس کے حوالے سے پارلیمنٹ میں جو بل پیش کیا ہے اگر حکومت نے اس کو مسترد کیا تو پیپلزپارٹی عوام کی عدالت میں جائے گی اور پورا ملک بلاک کر دیا جائے گا۔ پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس میں بات کرنے کے لئے تمام ہوم ورک مکمل کر لیا ہے اور طویل مشاورت کے بعد پیپلزپارٹی کی جانب سے سفارشات تیار کی گئی ہیں جو اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی کی تنظیم نو کے حوالے سے بھی بات کی گئی۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پارٹی کی نئی تنظیمیں 2018کے آنے والے عام انتخابات کی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ تیاری کریں گی کیونکہ پاکستان پیپلزپارٹی کو عوام کی حمایت سے یہ انتخابات جیت کر حکومت بناکراپنی جمہوری اور عوامی پالیسیاں نافذ کرنی ہیں‘ بلاول بھٹو زرداری نے ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کی کوآرڈینیشن کمیٹی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا‘ بلوچستان کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے ارکان سردار فتح محمد حسنی‘سینیٹر صابر بلوچ‘ حاجی علی مدد جتک‘ سردار سر بلند خان اور اعجاز بلوچ نے آج بلاول ہائوس میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات کی اور بلوچستان میں صوبائی‘ ڈویزنل اور ضلعی سطح پر تنظیم نو کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کیں‘اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی لیڈیز ونگ کی صدر ایم این اے فریال تالپر‘ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاھ‘ پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمرالزماں کائرہ اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکرٹری جمیل سومرو بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن