بھارت نے جنگ مسلط کی تو پاکستان کیسا تھ کھڑے ہونگے چین کی یقین دہانی
اسلام آباد (شفقت علی/ نیشن رپورٹ) چین نے پاکستان کو یقین دلایا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ جنگ کی صورت میں پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔ وزارت خارجہ کے سینئر عہدیداروں نے بتایا کہ بھارت میں اوڑی حملے اور کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کے بعد بیجنگ مسلسل اسلام آباد سے رابطے میں ہے۔ ایک عہدیدار نے ’’دی نیشن‘‘ کو بتایا چین دونوں ملکوں کے درمیان امن کو یقینی بنانے کی کوشش کررہا ہے تاہم بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو وہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہو گا۔ انہوں نے عوامی سطح پر امن کے قیام کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے مگر پاکستان کو یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ ماضی کی جنگوں کی طرح وہ اب بھی ہماری مدد کرینگے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے گزشتہ ہفتے کہا تھا پاکستان، بھارت کشیدگی کے حوالے سے چین مختلف چینلز کے ذریعے دونوں ملکوں سے رابطے میں ہے۔ ہمیں امید ہے دونوںملک باہمی رابطے بڑھائیں گے اور اختلافات سے مناسب انداز میں نمٹتے ہوئے خطے کی سکیورٹی اور امن کے لئے ملکر کام کرینگے۔ وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے بتایا جنگ کے حوالے سے کوئی بڑ اخطرہ نہیں ہے۔ پاکستان اور بھارت دونوں جانتے ہیں کہ جنگ تباہ کن ہوگی۔ ہم نے ہمیشہ امن کی طرفداری کی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ حالات بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا ہم امریکہ اور برطانیہ کو قائل کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ بھارت کے لئے نرم گوشہ رکھنے کے بجائے کشمیر پر پاکستان کے درست موقف کی حمایت کریں۔ انہوں نے کہا امریکہ، برطانیہ، چین مختلف چینلز کے ذریعے رابطہ کرکے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) معین الدین حیدر نے کہا پاکستان نہیں بھارت جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ پاکستان امن کی بات کررہا ہے اور اس ہدف کے حصول کیلئے دنیا کی مدد کا خواہاں ہے۔ عالمی بردری کو چاہئے کہ وہ بھارت کو جنگ کا ہسٹیریا پھیلانے سے روکے۔ عالمی تعلقات کی ماہر ڈاکٹر نور فاطمہ نے کہا بھارت جنگ کا ماحول بناکر دنیا کی کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارت کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کررہا ہے۔