پاکستان بھارت کشیدگی کے باوجود واہگہ بارڈر پر زوروشور سے تجارت جاری
لاہور (خبر نگار) بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر پاکستانی مورچوں پر حملے‘ سرجیکل سٹرائیکس کے دعوے اور دھمکیوں کے باوجود واہگہ بارڈر پر تجارت بدستور پورے زوروشور سے جاری ہے۔ بھارت نے اپنے عوام کا پریڈ ایریا میں داخلہ بند کر دیا ہے مگر پاکستانی ٹرکوں کیلئے دروازے کھلے ہیں۔ جمعہ کو بھارت سے 43 ٹرک ٹماٹر اور 3 ٹرک دھاگہ لیکر پاکستان پہنچے جبکہ ہفتہ کو 100 ٹرک ٹماٹر لیکر پاکستان آئے۔ جمعہ کو پاکستان سے 190 اور ہفتہ کو 195 ٹرک چھوہارے‘ جپسم‘ شیشہ اور سیمنٹ لیکر گئے۔ اتوار کو بھارت میں چھٹی کی وجہ سے تجارت بند رہی۔