ایشین بیچ گیمز : پاکستان نے ریسلنگ میں گولڈ‘ ہینڈ بال میں برانز میڈل جیت لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشین بیچ گیمز میں پاکستان کے میڈلز کی تعداد 11 ہو گئی جس میں دو گولڈ، تین سلور اور چھ برانز میڈل شامل ہیں۔ گذشتہ روز مقابلوں میں پاکستان کے انعام بٹ نے ریسلنگ میں گولڈ جبکہ ہینڈ بال ایونٹ میں پاکستان ٹیم نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔ ویت نام کے شہر دانگ میں جاری گیمز میں پاکستان نے اتوار کو ریسلنگ اور ہینڈ بال ایونٹ میں شرکت کی۔ ریسلنگ میں پاکستان کے انعام بٹ نے فائنل میں ایرانی پہلوان کے خلاف تین صفر سے کامیابی اپنے نام کر کے گولڈ میڈل جیتا۔ جبکہ ہینڈ بال میں تیسری پوزیشن کے لیے پاکستان اور میزبان ویت نام کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں پاکستان ٹیم نے دو ایک سیٹ سے کامیابی حاصل کر کے برانز میڈل اپنے نام کیا۔ پاکستان کا دوسرا گولڈ میڈل پاکستانی پہلوان انعام بٹ کا مرہون منت رہا۔ پاکستانی ریسلر محمد انعام بٹ نے 90 کلو گرام کلاس کے فائنل میں ایرانی پہلوان کو تین صفر سے شکست دیکر پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا۔ اس سے قبل گیمز میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل کبڈی ٹیم نے حاصل کیا تھا۔ ریسلنگ مقابلوں میں پاکستان کے تین پہلوانوں جن میں نذیر احمد نے 70 کلوگرام، اسد بٹ نے 80 کلو گرام میں جبکہ انعام بٹ نے 90 کلو گرام کلاس میں شرکت کی۔ نذیر احمد نے 70 کلو گرام کلاس میں سلور جبکہ انعام بٹ نے 90 کلو گرام کلاس میں گولڈ میڈل جیتا۔ اتوار کو پاکستان نے ہینڈ بال ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے جانے والے میچ میں میزبان ویت نام ٹیم کو شکست پاکستان کے برانز میڈلز کی تعداد کو 6 کر دیا۔
عاقل شاہ، چودھری اصغر، ارشد ستار کی قومی ریسلنگ کھلاڑیوں کو مبارکباد
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے چیئرمین سید عاقل شاہ، صدر چوہدری اصغر اور سیکرٹری ارشد ستار نے قومی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریسلنگ ایونٹ میں پاکستان ٹیم نے ملک کا نام روشن کیا ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سیکرٹری فیڈریشن ارشد ستار کا ویت نام سے ٹیلی فون پر اپنے خصوصی پیغام میں کہنا تھا کہ انعام بٹ اور نذیر پہلوان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے مستقبل میں بڑا چیلنج ہوگا کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کے اعزازات کو برقرار رکھ سکیں۔ فیڈریشن نے میگا ایونٹ کے لیے کھلاڑیوں کو ہر ممکن تربیت فراہم کی تھی، کھلاڑیوں نے سخت محنت کر کے کامیابی کو اپنے نام کیا۔