انشورنس آرڈیننس 2000ء کی جگہ نیا قانون لایا جائے گا: اسحاق ڈار
اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین نے ملاقات کی ۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو پاکستان کی انشورنس کی صنعت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ اور انشورنش کے شعبہ میں ریگولیٹری لیگل فریم ورک میں ترامیم کی ضروریات کے بارے میں بریفنگ دی ۔ ترامیم سے انشورنش کمپنیوں کے مالی معاملات میں بہتری کی توقع ہے جو شعبہ کے مالی استحکام میں معاون ثابت ہوگی جبکہ اس سے پالیسی ہولڈرز کے مفادات کو بھی بہتر تحفظ حاصل ہوگا۔ انشورنس ریگولیٹر فریم ورک کی مجوزہ بہتری کیلئے ترامیم کی اہمیت کے حوالے سے وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ انشورنش آرڈیننس 2000ء کے جگہ نیا آرڈیننس لایا جائیگا جس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی انشورنش انڈسٹری کا تاثر مزید بہتر ہوگا۔ وزیر خزانہ نے ایس ای سی پی کو مزید ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے ملک بھرمیں شراکت داروں سے مشاورت کرے۔