بھارتی جارحیت کے خلاف مظفرآباد میں مظاہرے، سیالکوٹ میں سکھ برادری کی مودی کو للکار
سیالکوٹ(نامہ نگار+ اے ایف پی )بھارتی جارحیت کے خلاف مظاہرے جاری ہیں، سیالکوٹ کی سکھ برادری نے جسکرن سنگھ کی قیادت میں بھارت کے خلاف مظاہرہ کیا۔سکھ رہنماؤں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا کہ ہم پاکستان کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں اور ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور فرنٹ لائن پر جا کر مودی کے عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی تم صرف کرپانیں نکالنے کی باتیں کرتے ہو اگر سکھ برادری نے کرپانیں نکال لیں تو یہ اس وقت تک اندر نہیں جائیں گی جب تک دشمن کو سبق نہ سکھا لیں۔ انہوں نے کہا پاکستانی سکھ برادری کشمیر اور خالصتان تحریکوں کے ساتھ ہے۔ شرکاء جلوس نے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں نعرے بھی بلند کئے۔ بعد ازاں سکھوں نے پ بھارتی وزیر اعظم مودی کا پتلا نذر آتش کیا گیا ہے اور پاک فوج کی حمایت میں نعرے لگائے گئے ہیں۔ تنظیم ہیومین رائٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام راجہ روڈ سے شہزاد اکبر بٹ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس نے شہر کا چکر لگایا اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ چوک علامہ اقبال میں ہونے والے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت جلد ختم ہوجائے گا اور بھارت پر بھی پاکستان کا قومی پرچم لہرایا جائے گا۔ مظفر آباد سے اے ایف پی کے مطابق بھارتی جارحیت کیخلاف آزاد کشمیر کے شہر مظفر آباد میں بھی شدید احتجاج کیا گیا مظاہرین نے بھارتی وزیراعظم مودی، وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور بھارتی آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ کے پتلے نذر آتش کئے۔ اس موقع پر مظاہرین نے بھارت کیخلاف اور کشمیر کی آزادی کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔