• news

چیئرمین پی سی بی کی عدم موجودگی میں گورننگ بورڈ اجلاس بلانے کا منصوبہ ناکام

لاہور( حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین شہریار خان کی عدم موجودگی میں گورننگ بورڈ کا اجلاس طلب کرنیکا منصوبہ ناکام ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق شہریارخان کی برطانیہ میں موجودگی کو دیکھتے ہوئے بورڈ میں موجود طاقتور گروپ نے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس ضمن میں تمام تیاریاں بھی مکمل کر لیں تھیں لیکن عین وقت پر شہریار خان کو اس منصوبے کا علم ہوا تو انہوں نے اپنی عدم موجودگی میں اجلاس کے انعقاد سے روکنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وطن واپسی پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ اجلاس طلب کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے شہریار خان کی عدم موجودگی میں اجلاس میں چند اہم معاملات کی منظوری لینا تھی، پاکستان سپر لیگ کے بجٹ اور آڈٹ کے حوالے سے بھی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی نظروں سے اہم معاملات کو بچانا بھی مقصود تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمیں لندن میں ہارٹ سرجری کے بعد معمول کی زندگی کی طرف لوٹ رہے ہیں۔ ڈاکٹرز نے احتیاط کے ساتھ انہیں سفر کی اجازت دے دی ہے ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق بورڈ چیئرمین کی اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں وطن واپسی متوقع ہے۔

ای پیپر-دی نیشن