• news

ناانصافی کا خاتمہ: حق خودارادیت دلائے بغیر اقوام متحدہ کا ایجنڈا 2030ء نامکمل رہے گا: پاکستان

نیویارک (آئی این پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ ناانصافی کا خاتمہ ،حق خود ارادیت دلوائے بغیراقوام متحدہ کا 2030 کا ایجنڈا مکمل نہیں ہوسکتا‘ غیر ملکی تسلط میں زندگی گزارنے والے افراد کی محرومیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔منگل کو اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ناانصافی کے خاتمے‘ حق خود ارادیت دلوائے بغیر 2030 کا ایجنڈا مکمل نہیں ہوسکتا۔ غیر ملکی تسلط میں زندگی گزارنے والے افراد کی محرومیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اور عالمی برادری ایسے افراد کو نظر انداز نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایجنڈے کی تکمیل کیلئے رکاوٹوں کو دور کرنا اور حق خود ارادیت کا ادراک کرنا ہوگا۔ رکاوٹوں کو دور کئے بغیر اقتصادی اور سماجی ترقی کے اہداف حاصل نہیں ہوسکتے۔ 2030 کے ایجنڈے پر عمل درآمد کیلئے شفاف عالمی حکمت عملی ضروری ہے۔ مستقل مندوب نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ترقی پذیر ملکوں کے خدشات دور کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ترقی پذیر ملکوں کے لئے مطابقت رکھنے والے وسائل کی دستیابی ناگزیر ہے کیونکہ ماحولیاتی تبدیلی اور غربت جیسے مسائل جامع حمایتی نظام کے بغیر حل نہیں کئے جاسکتے نہ ہی ہوسکتے ہیں۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان پیرس معاہدے پر مکمل عمل درآمد کیلئے پرعزم ہے ۔ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچائو پاکستان کی قومی ترجیحات میں شامل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن