سرکاری ملازمین کو عدالتی حکم پر عملدرآمد کرنا چاہئے: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ہوم سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر 10 روز میں عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے سابق کانسٹیبل نذیر حسین شاہ کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا کہ 9 مئی 2014ء کے عدالتی فیصلے کے باوجود اس کی غیر حاضری کو چھٹی میں تبدیل کرنے کے حوالے سے زیر التوا درخواست پر فیصلہ نہیں کیا جارہا۔ پولیس کی جانب سے عدالت میں ڈی ایس پی امتیاز احمد پیش ہوئے اور بتایا کہ متعلقہ ہدایات ہوم سیکرٹری کو بھجوائی گئی ہیں لیکن ہمیں ایسی کوئی ہدایت نہیں بھجوائی گئی۔ عدالت میں ہوم سیکرٹری کا نمائندہ بھی پیش ہوا۔ عدالت نے حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے قرار دیاکہ سرکاری ملازمین کو عدالتی حکم پر عملدرآمد کرنا چاہئے۔